عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ عوام اس وقت مہنگائی کے طوفان کا شکار ہیں جبکہ حکومت غیر ذمہ دارانہ ڈرامہ بازیوں میں مصروف ہے۔
اپنے بیان میں ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پہلے ایک غیر معقول، غیر جمہوری اور عوام دشمن اقدام کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں یکدم 137 روپے فی لیٹر اضافہ کیا، جس کے بعد اب جزوی کمی کرتے ہوئے 80 روپے کم کرنے کا اعلان کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کا گرنے والے امریکی پائلٹ کی تلاش پر انعام کا اعلان
انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ عوام اب بھی ہر لیٹر پر 80 روپے اضافی بوجھ برداشت کر رہے ہیں اور حکومت اسے ریلیف کے طور پر پیش کر رہی ہے۔
ایمل ولی خان نے مزید کہا کہ یہ دراصل عوامی نفسیات کے ساتھ کھیل ہے، جس میں پہلے غیر معمولی اضافہ کر کے عوام پر دباؤ ڈالا جاتا ہے اور پھر جزوی کمی کو ریلیف کے نام پر پیش کیا جاتا ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے اور مہنگائی میں فوری کمی کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔
یاد رہے کہ کل رات وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں پیٹرول کی قیمت میں 80 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد نئی قیمت 458 سے کم ہو کر 378 روپے فی لیٹر مقرر۔
اسی طرح کابینہ ارکان کی 2 ماہ کے بجائے 6 ماہ کی تنخواہیں بھی سرکاری خزانے میں جمع کرانے کا فیصلہ کی تھا۔
