خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع بنوں کے علاقے ڈومیل میں پولیس اسٹیشن پر خودکش حملے کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق افراد میں 3 خواتین، ایک شہری اور ایک بچہ شامل ہیں، جبکہ 4 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں جنہیں فوری طور پر کے جی این ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق حملہ بارود سے بھری زرنج رکشہ کے ذریعے کیا گیا، جو پرانی تحصیل بلڈنگ کی جانب سے آ کر پولیس اسٹیشن سے ٹکرا گیا، جس کے بعد زور دار دھماکہ ہوا۔
دھماکے کے باعث قریبی رہائشی علاقے کو بھی شدید نقصان پہنچا اور کم از کم 2 مکانات مکمل طور پر زمین بوس ہو گئے، جس کے نتیجے میں متعدد افراد ملبے تلے دب گئے ہیں۔ کئی افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
پولیس کی جانب سے جائے وقوعہ پر جوابی فائرنگ بھی کی گئی جبکہ ریسکیو ٹیمیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ کر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہے۔
حکام کے مطابق تھانے کی عمارت کو جزوی نقصان پہنچا ہے اور مزید جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
