خیبرپختونخوا کے ضلع دیر بالا پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے تھانہ واڑی کی حدود میں فروخت کی گئی کمسن بچی کو بحفاظت برآمد کر لیا جبکہ واقعے میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

 

پولیس کے مطابق واڑی کارودرہ کے علاقے سے کمسن بچی کی فروخت کی اطلاع موصول ہونے پر ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ سید فدا حسن شاہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دیر بالا اسلم نواز نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔

 

 ڈی پی او دیر بالا کی ہدایت پر ایس پی انویسٹی گیشن محمد الیاس، ایس ڈی پی او واڑی شہنشاہ خان اور ایس ایچ او تھانہ واڑی تاج محمد خان پر مشتمل خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی۔

 

پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ 12 سے 13 سال کی کمسن بچی کو پانچ لاکھ روپے کے عوض 60 سے 65 سالہ شخص کو فروخت کیا گیا تھا۔

 

 پولیس نے جدید تفتیشی طریقہ کار استعمال کرتے ہوئے کمسن بچی کو بحفاظت برآمد کر لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران تین ملزمان، یوسف خان، مقصود احمد اور مرتضیٰ کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس گھناؤنے جرم میں ملوث دیگر افراد کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

پولیس حکام کے مطابق کمسن بچی کو قانونی کارروائی کے بعد متعلقہ اداروں کے حوالے کر دیا جائے گا۔