قبائلی ضلع مہمند میں افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جہاں لوئر مہمند کی تحصیل امبار سے یکہ غنڈ جانے والی فیلڈر موٹر کار کڑپہ ڈھنڈ کے مقام پر ایک خطرناک موڑ کاٹتے ہوئے گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔

 

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ جمعہ کے روز مہمند ٹو پشاور شاہراہ پر پیش آیا۔ گاڑی میں سوار تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ تین شدید زخمیوں نے ہسپتال منتقل کیے جانے کے بعد دم توڑ دیا۔ 

 

ریسکیو مہمند کی ٹیم اطلاع ملتے ہی جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا۔

 

جاں بحق ہونے والوں میں وزیر خان ولد کریم اللہ، زردول ولد یار خان، ظاہر گل ولد مومین خان، میر عالم، غلام سعید ولد بخت محمد اور نور البشر ولد جان خان شامل ہیں، تمام کا تعلق تحصیل امبار کے مختلف علاقوں سے بتایا جاتا ہے۔ حادثے میں زخمی ہونے والا گل بادشاہ ولد مہران گل اس وقت ہسپتال میں زیر علاج ہے۔

 

جاں بحق افراد کی لاشیں ضروری کارروائی کے لیے ہیڈکوارٹر ہسپتال غلنئی منتقل کر دی گئیں۔ مقامی افراد کے مطابق ڈھنڈ کا یہ موڑ انتہائی خطرناک ہے اور ماضی میں بھی یہاں متعدد حادثات پیش آ چکے ہیں۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ مقام پر حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔