پشاور میں شوکت یوسفزئی نے حکومتی درآمدی و برآمدی پالیسی کو فرسودہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ پالیسیاں ملکی ضروریات پوری نہیں کر رہیں اور ان سے عوام کے بجائے مخصوص طبقہ فائدہ اٹھا رہا ہے۔
انہوں نے چینی برآمد کرنے پر ممکنہ بحران کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں چینی برآمد کرنے کے بعد مہنگے داموں درآمد کرنا پڑی، حکومت کیا ضمانت دے سکتی ہے کہ دوبارہ چینی کا بحران پیدا نہیں ہوگا؟ ان کے مطابق حکومت کے پاس نہ پالیسی ہے اور نہ وژن۔ انہوں نے سی این جی کے لیے قطاروں اور ایران سے سستی گیس نہ لانے پر بھی تنقید کی، جبکہ ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی کو خوش آئند قرار دیا۔
شوکت یوسفزئی نے معاشی بحران میں حکمرانوں کے اخراجات کم نہ کرنے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ وزراء کے گھروں کی تزئین و آرائش پر کروڑوں روپے خرچ کرنا دانشمندی نہیں۔ انہوں نے ایرانی صدر کی جانب سے گھر میں بجلی کا استعمال کم کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے حکمران اپنے اخراجات کیوں کم نہیں کر سکتے؟
گورنر فیصل کریم کنڈی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ان کا سافٹ ویئر بھی اپ ڈیٹ لگتا ہے، کیونکہ پہلے وہ مولانا پر الزامات لگاتے تھے اور اب احترام کی بات کرتے ہیں۔
نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ چھوٹے صوبوں کے قیام سے ملک کمزور نہیں ہوگا اور تحریک انصاف نے کبھی نئے صوبوں کی مخالفت نہیں کی۔ ان کے مطابق صوبوں کے قیام پر پارٹی کا مؤقف واضح اور اصولی ہے، نئے صوبوں سے ملک کمزور ہونے کا تاثر غلط ہے اور چھوٹے انتظامی یونٹس سے عوام کے بنیادی مسائل حل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کی بات کرنے والا عمران خان سے براہ راست بات کرے۔
