خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ کی تحصیل بالاکوٹ میں کاغان فارسٹ ڈویژن کے ندی انسپکشن ہٹ کی تزئین و آرائش سے متعلق مبینہ گمراہ کن ویڈیو نشر کرنے پر محکمہ جنگلات کی شکایت کے بعد پولیس نے وی لاگر خواجہ مظہر اقبال کو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔
محکمہ جنگلات کے ترجمان لطیف الرحمان کے مطابق انسپکشن ہٹ کی مرمت اور تزئین و آرائش کا کام منظور شدہ فارسٹ ڈویلپمنٹ فنڈ اسکیم کے تحت جاری ہے، جس کا مقصد جنگلات میں قائم انسپکشن ہٹس کی بحالی اور ضروری مرمت ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وی لاگر نے موقع کا دورہ کرنے اور محکمہ جنگلات سے حقائق معلوم کرنے سے قبل سوشل میڈیا پر ویڈیو جاری کرکے گمراہ کن معلومات پیش کیں۔ ترجمان کے مطابق موقع پر پہنچنے کے بعد وی لاگر نے انسپکشن ہٹ میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی، پتھر مار کر بیریئر کا تالا توڑا اور سرکاری اہلکاروں کو دھمکیاں بھی دیں۔
تھانہ بالاکوٹ میں درج ایف آئی آر نمبر 491 میں خواجہ مظہر اقبال کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات 506، 186 اور 34 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں سرکاری اہلکاروں کو مبینہ دھمکیاں دینے اور سرکاری امور کی انجام دہی میں مداخلت کے الزامات شامل ہیں۔
محکمہ جنگلات نے اپنے مؤقف کے حق میں سوشل میڈیا پوسٹ کے اسکرین شاٹس، واقعے کی ویڈیو، تزئین و آرائش کے کام کی تصاویر اور ایف آئی آر کی نقل بھی فراہم کی ہے۔
