کوہاٹ کے علاقے دربو کچ میں سونے کی مبینہ غیر قانونی کان کنی کے تنازع پر دو گروپوں کے درمیان مسلح تصادم میں 4 افراد جاں بحق جبکہ راہگیر سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔

 

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ تھانہ گمبٹ کی حدود میں دربو کچ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں سونے کی کان کنی کے معاملے پر دو گروپوں کے درمیان پہلے سے تنازع جاری تھا۔

 

 پولیس کے مطابق تنازع اچانک شدت اختیار کرگیا اور دونوں جانب سے فائرنگ شروع ہوگئی، جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔

 

یہ بھی پڑھیے: وزیراعظم کی خصوصی ریلیف اسکیم، پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے ریلیف کن گاڑیوں کے مالکان کو ملے گا؟

 

واقعے کی اطلاع ملتے ہی گمبٹ پولیس موقع پر پہنچ گئی، تاہم پولیس اہلکاروں کی آمد پر فائرنگ میں ملوث افراد موقع سے فرار ہوگئے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

 

پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشیں جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ زخمیوں میں ایک راہگیر بھی شامل ہے۔

 

پولیس نے واقعے کا مقدمہ تھانہ گمبٹ میں درج کرلیا ہے جبکہ فائرنگ میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ  دونوں گروپوں کے درمیان تنازع کی نوعیت اور واقعے میں ملوث افراد کے کردار کا تعین تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی ہوسکے گا۔

 

کوہاٹ میں پلیسر گولڈ کی مبینہ غیر قانونی کان کنی

 

کوہاٹ کے بعض علاقوں میں سونے کی تلاش اور مبینہ غیر قانونی کان کنی کا معاملہ گزشتہ کچھ عرصے سے توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے پابندی کے باوجود بعض علاقوں میں پلیسر گولڈ نکالنے کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں۔