وزیراعظم کی خصوصی ریلیف اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فی لیٹر 100 روپے سستا پیٹرول فراہم کرنے کے لیے ڈیجیٹل نظام فعال کردیا گیا ہے۔
اس اسکیم کے تحت مستحق شہریوں کو موٹر سائیکل اور چنگچی کے لیے ماہانہ 20 لیٹر جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کی رعایت دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیے: بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، کمانڈر سمیت 9 دہشتگرد ہلاک
وزارت آئی ٹی کے مطابق اسکیم پر عمل درآمد کے لیے صوبائی محکموں، نادرا اور ٹیلی کام کمپنیوں کے تعاون سے خودکار ڈیجیٹل نظام تیار کیا گیا ہے، جس کے ذریعے مستحق افراد اور ان کی گاڑیوں کی تصدیق کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
صوبائی ٹرانسپورٹ اور ایکسائز محکموں کے ساتھ مل کر گاڑیوں کی تصدیق کا نظام بھی خودکار بنایا گیا ہے تاکہ پیٹرول پر دی جانے والی رعایت شفاف انداز میں مستحق افراد تک پہنچائی جاسکے۔
وزارت آئی ٹی کا کہنا ہے کہ اس اسکیم کا مقصد مہنگے پیٹرول کے باعث محنت کش اور کم آمدن والے طبقے پر پڑنے والے مالی بوجھ کو کم کرنا ہے۔
