بلوچستان میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں میں کمانڈر سمیت 9 مبینہ دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ 4 اہلکار زخمی ہوئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ میں کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کی ایک گاڑی کو کواڈ کاپٹر کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کمانڈر نقیب سمیت 3 مبینہ دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ کارروائی میں دہشتگردوں کی گاڑی بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔
یہ بھی پڑھیے: خیبر پختونخوا میں بٹیر کے شکار کی اجازت، کن دنوں اور کتنے پرندوں کا شکار ہوسکے گا؟
دوسری کارروائی پشین کے علاقے سرانان میں کی گئی، جہاں سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی۔ اس دوران اہلکاروں اور مبینہ دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 6 مبینہ دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ 4 اہلکار زخمی ہوئے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا جاتا ہے۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں سے اسلحہ اور بارود بھی برآمد کیا گیا۔ترجمان کے مطابق ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز اور عام شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔
