وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا کے دہشت گردی سے متاثرہ اور شدید حساس اضلاع میں تعینات پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (پی اے ایس) اور پولیس سروس آف پاکستان (پی ایس پی) کے افسران کیلئے موجودہ بنیادی تنخواہ پر 250 فیصد سکیورٹی رسک الاؤنس منظور کرلیا۔

 

خصوصی سکیورٹی رسک الاؤنس کی ادائیگی وفاقی حکومت کی جانب سے کی جائے گی اور اس کا مالی بوجھ خیبرپختونخوا حکومت پر نہیں پڑے گا۔

 

منظور شدہ الاؤنس دہشت گردی سے متاثرہ اور شدید حساس قرار دیے گئے 27 اضلاع میں تعینات افسران کیلئے ہوگا، تاہم صوابی اور ہزارہ ڈویژن کے اضلاع اس سہولت میں شامل نہیں ہوں گے۔

 

یہ بھی پڑھیے: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھانے کا اعلان

 

الاؤنس کے حصول کیلئے پشاور ریجن میں پشاور اور خیبر میں تعیناتی لازمی ہوگی، جبکہ مردان ریجن میں مردان، چارسدہ، نوشہرہ اور مہمند شامل ہیں۔

 

اسی طرح کوہاٹ ریجن میں کوہاٹ، ہنگو، کرک، کرم اور اورکزئی، بنوں ریجن میں بنوں، لکی مروت اور شمالی وزیرستان جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان ریجن میں ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، اپر جنوبی وزیرستان اور لوئر جنوبی وزیرستان شامل ہیں۔

 

یہ بھی پڑھیے: پشاور: سی ٹی ڈی کی کارروائی، مولانا خانزیب سمیت متعدد رہنماؤں کے قتل میں مطلوب اہم دہشت گرد ہلاک

 

ملاکنڈ ریجن میں سوات، بونیر، شانگلہ، باجوڑ، لوئر دیر، اپر دیر، لوئر چترال اور اپر چترال میں تعینات افسران بھی سکیورٹی رسک الاؤنس کے حقدار ہوں گے۔

 

دوسری جانب صوابی اور ہزارہ ڈویژن کے ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، بٹگرام، تورغر، کولائی پالس، اپر کوہستان اور لوئر کوہستان میں تعینات پی اے ایس اور پی ایس پی افسران اس الاؤنس سے محروم رہیں گے۔