لکی مروت میں پولیس شہداء کے 23 بچوں اور بھائیوں کو خیبرپختونخوا پولیس میں بطور پی اے ایس آئی بھرتی کرلیا گیا، جنہیں تقرری کے احکامات ڈی پی او لکی مروت سجاد احمد صاحبزادہ نے حوالے کر دیے۔
ڈی پی او آفس لکی مروت میں اس حوالے سے تقریب منعقد ہوئی، جس میں مجموعی طور پر 23 نوجوانوں کو بطور پی اے ایس آئی تقرری کے احکامات دیے گئے۔ اس موقع پر ڈی پی او سجاد احمد صاحبزادہ نے نئے بھرتی ہونے والے اہلکاروں کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیے: گرمی کے بعد بارشوں کی باری، خیبرپختونخوا میں کل سے کہاں کہاں بارش ہوگی؟
ڈی پی او سجاد احمد صاحبزادہ نے کہا کہ وطن عزیز کی حفاظت اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے پولیس شہداء کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ شہداء نے فرض شناسی، بہادری اور وطن سے وفاداری کی مثالیں قائم کیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس شہداء کے خاندانوں، بالخصوص ان کے بچوں کی فلاح و بہبود اور انہیں میرٹ و ضابطے کے مطابق روزگار کے مواقع فراہم کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے۔ شہداء کے بچے آج اپنے والدین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے محکمہ پولیس کا حصہ بن رہے ہیں، جو ان کے لیے اعزاز اور پورے پولیس خاندان کے لیے باعث فخر ہے۔
ڈی پی او نے نئے بھرتی ہونے والے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے شہید والدین کی روایات کو آگے بڑھاتے ہوئے دیانت داری، فرض شناسی اور جذبہ خدمت کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں اور ملک و قوم کی حفاظت، جرائم کے خاتمے اور معاشرتی برائیوں کی روک تھام میں اپنا کردار ادا کریں۔
