سنٹرل کرم کے علاقے وراستہ میں ایک گھر پر مبینہ ڈرون حملے کے نتیجے میں ماں اور بیٹے سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوگئے۔
مقامی افراد کے مطابق متاثرہ گھر کے سربراہ صحبت گل کا تعلق سنٹرل کرم کے علاقے علی شیر زئی عیسارک سے تھا۔ وہ علاقے میں جاری فوجی آپریشن کے باعث بے گھر ہونے کے بعد (آئی ڈی پیز) کی حیثیت سے وراستہ میں مقیم تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق رات کے وقت ایک مبینہ گولہ گھر پر آ گرا جس کے نتیجے میں سبیلہ زوجہ صحبت گل، عمر ولد صحبت گل، سیمہ دختر رئیس اور 10 سالہ ثناء دختر اکبر جاں بحق ہوگئیں۔
یہ بھی پڑھیے: امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدہ طے پا گیا، وزیراعظم شہباز شریف
واقعے میں علیشہ زوجہ فضل عمر، کمالہ زوجہ فضل اکبر، ریشمہ دختر خان اکبر، صلاح الدین ولد فضل اکبر، شگفتہ دختر فضل اکبر، حنظلہ ولد فضل اکبر، محمد ولد محمد رئیس اور سمیرہ دختر صحبت گل زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ تین شدید زخمیوں کو تشویشناک حالت کے باعث پشاور ریفر کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی نوعیت اور وجوہات سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔
