شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مزید 21 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میران شاہ اور اس کے اطراف گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران مختلف کارروائیوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں 4 اہم دہشت گرد بھی شامل ہیں، جن کی شناخت خالد رضا عرف سالار، مفتون، موسیٰ اور عمران عرف ایان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق یہ افراد مختلف دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا کے بجٹ اور حقوق پر پارلیمانی پارٹی کا ہنگامی اجلاس، آئندہ حکمت عملی سامنے آگئی
بیان کے مطابق حالیہ کارروائیوں کے بعد ہلاک کیے گئے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 48 ہو گئی ہے۔ فورسز نے کارروائیوں کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور باقی دہشت گردوں کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشن عزمِ استحکام کے تحت ملک بھر میں کارروائیاں جاری ہیں۔
