وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاک افغان سرحدی علاقوں میں فتنہ الخوارج کے اہم ٹھکانوں اور محفوظ پناہ گاہوں کے خلاف خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مؤثر کارروائیاں کی گئیں، جن میں بھارت کی حمایت یافتہ 26 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ کارروائیاں موسیٰ درہ میں ایف سی چوکی، شمالی وزیرستان میں فوجی چوکی اور بنوں پولیس اسٹیشن پر حالیہ دہشتگرد حملوں کے بعد کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیے: کرک: دہشت گردوں کا پولیس پر کواڈ کاپٹر حملہ
وزیر اطلاعات کے مطابق آپریشنز کے دوران چار اہم اہداف کو مکمل طور پر تباہ کیا گیا، جن میں ایک تربیتی مرکز، ایک محفوظ ٹھکانہ اور اسلحہ و گولہ بارود کے ذخائر شامل ہیں۔ کارروائی میں فتنہ الخوارج کے اہم کمانڈرز علیم خان خوشحالی اور اختر محمد جانی خیل کے مراکز بھی نشانہ بنائے گئے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ “عزمِ استحکام” کے تحت سکیورٹی فورسز اور ادارے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے بھرپور کارروائیاں جاری رکھیں گے، اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کو مکمل طور پر ختم کیا جائے گا۔
