اپر سوات کے علاقے دارمئی لنڈی چم میں حرا گرلز سکول اینڈ کالج کی بس بریک فیل ہونے کے باعث الٹ گئی، جس کے نتیجے میں ایک طالبہ جاں بحق جبکہ 20 سے زائد طالبات اور تین خواتین زخمی ہو گئیں۔
ریسکیو 1122 سوات کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی 6 ایمبولینسز اور ریسکیو میڈیکل ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
یہ بھی پڑھیے: افغانستان کی سرزمین دہشت گرد تنظیموں کے لیے محفوظ پناہ گاہ بنی ہے، پاکستان
ابتدائی معلومات کے مطابق بس میں 40 سے زائد طالبات سوار تھیں۔ حادثے کے دوران سڑک کنارے موجود تین راہ گیر خواتین بھی زد میں آ کر زخمی ہو گئیں۔
ریسکیو حکام نے زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا، جہاں متعدد زخمیوں کو مزید علاج معالجے کی سہولت دی جا رہی ہے۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والی طالبہ کی شناخت حورین دختر خورشید سکنہ لنڈی چم کے نام سے ہوئی ہے۔
