پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں کل سے 5 جون تک تیز ہواؤں، گرج چمک اور وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی کے پیشِ نظر تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش اور ژالہ باری متوقع ہے، جبکہ پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرم، اورکزئی، خیبر، باجوڑ، مہمند، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور ٹانک میں بھی بارش اور آندھی چلنے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیے: پشاور میں ہولناک واردات، معذور شخص کا قاتل اپنا بھائی نکلا
محکمے کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ صوبے بھر میں کھڑی فصلوں کو بھی نقصان کا اندیشہ ہے۔ کسانوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بارشوں کے باعث بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، ایبٹ آباد اور کوہستان میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔ اسی طرح پشاور، مردان اور نوشہرہ سمیت میدانی علاقوں میں اربن فلڈنگ کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔
اتھارٹی نے ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات، ریسکیو ٹیموں کی تیاری، وسائل کی دستیابی اور اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ متعلقہ اداروں کو نکاسیٔ آب کے نظام کی صفائی اور اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے لیے فوری اقدامات کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔
عوام اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، موسمی صورتحال سے باخبر رہنے اور تیز بارشوں کے دوران سیلابی ریلوں، ندی نالوں اور دیگر خطرناک مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
