ساؤتھ ایئر نے ڈیرہ اسماعیل خان کے لیے روزانہ پروازیں شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اسے اپنے لیے ایک اہم اسٹیشن قرار دیا ہے۔ ایئرلائن کی جانب سے چترال، کراچی، لاہور اور کوئٹہ کے لیے بھی باقاعدہ فضائی سروس شروع کرنے کا منصوبہ سامنے آیا ہے۔
یہ اعلان ساؤتھ ایئر کے چیئرمین کنور محمد طارق کی سربراہی میں وفد کی گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کے دوران کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: تمام اراکین متحد ہیں"؛ وزیراعلیٰ کا دعویٰ، مخالفین کیلئے واضح پیغام
کنور محمد طارق نے بتایا کہ ساؤتھ ایئر نے تمام آپریشنل، تکنیکی اور انتظامی تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور رواں ماہ ملک بھر میں اپنے فضائی آپریشن کا آغاز کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کمپنی کے لیے انتہائی اہم اسٹیشن ہے، جہاں روزانہ پروازیں چلانے کا منصوبہ ہے، جبکہ چترال کے لیے بھی باقاعدہ پروازوں کا آغاز کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ساؤتھ ایئر پشاور سے کراچی، لاہور اور کوئٹہ کے لیے بھی روزانہ پروازیں چلائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کمپنی کا ہدف ملک کے چھوٹے اور دور دراز علاقوں کو قومی فضائی نیٹ ورک سے منسلک کرنا ہے۔
اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ساؤتھ ایئر کو صوبے میں خوش آمدید کہتے ہوئے نئی پروازوں کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پاکستان کی سیاحت کا مرکز ہے اور صوبے میں سیاحت، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے فضائی رابطے ناگزیر ہیں۔
گورنر نے کہا کہ صوبے کے کئی اہم علاقے اب بھی فضائی سہولیات سے محروم ہیں، جبکہ نئی ایئرلائنز کی پروازوں سے روزگار، سیاحت اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ساؤتھ ایئر کی پروازیں خیبرپختونخوا میں کامیاب ثابت ہوں گی اور صوبے کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گی۔
