شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 22 دہشتگرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شیوہ کے علاقے میں 17 مئی سے سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جس کے دوران دہشتگردوں کے مختلف ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا کے کن علاقوں میں طوفانی بارشوں کا امکان ہے؟
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی میں بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جبکہ مارے جانے والے دہشتگرد مختلف حملوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگرد مقامی آبادی کو دھمکیاں دے کر اپنے زیراثر رکھتے تھے اور نقل و حرکت کے لیے شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرتے تھے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران عام شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے اور سکیورٹی فورسز نے مختلف مقامات کا گھیراؤ کر رکھا ہے۔
