خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے خدشے کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کر دیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال اپر، چترال لوئر، دیر اپر، سوات اور اپر کوہستان کی ضلعی انتظامیہ کو ممکنہ خطرے کے پیش نظر پیشگی اقدامات کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا: کون سے اضلاع میں بارش ہوگی؟ محکمہ موسمیات کی رپورٹ جاری
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 10 سے 12 مارچ کے دوران متوقع بارشوں کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور فلیش فلڈ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، جبکہ درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کے باعث بھی گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خدشہ موجود ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کرنے، خطرے سے دوچار آبادی کو بروقت آگاہ کرنے اور محفوظ مقامات کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس کے علاوہ ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز کو بھی الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق سیاحوں اور مسافروں کو خطرناک علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ پی ڈی ایم اے اس سے قبل بھی 9 سے 12 مارچ کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور میدانی علاقوں میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں اضافے سے متعلق الرٹ جاری کر چکا ہے۔
